خبرنامہ پاکستان

چین پاکستان تعلقات کا مستقبل انتہائی روشن ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) جرمنی میں پاکستان کے سابق سفیر حسن جاوید نے جنہوں نے سرکاری ذمہ داریوں کے سلسلے میں چین میں دس سال گزارے کہا کہ انہیں آنیوالے برسوں میں چین پاکستان تعلقات انتہائی روشن دکھائی دے رہے ہیں ، چین پاکستان اقتصادی راہداری پراجیکٹ چین اور پاکستان کے عوام کے بہتر مستقبل کے حصول کے سلسلے میں زبردست سماجی اقتصادی شراکت داری کے بارے میں بہت بڑی جست ہے ،حسن جاوید ایک فورم میں جس میں برطانیہ ، کینیڈا ، بلغاریہ ، اردن ،جرمنی ،فرانس ،روس ، یونان اور دیگر نو ممالک کے پندرہ وزرائے خارجہ اور پورٹروں نے شرکت کی ،پاکستان کی نمائندگی کیلئے حال ہی میں بیجنگ میں تھے ۔بیجنگ اور ہیفی (صوبہ انہوئی ) کے گذشتہ ہفتہ اپنے دس روزہ طویل دورے کے بارے میں اخبار نویسوں کو بریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان زبردست ایجادات اورترقی کے دور سے گزر رہا ہے جس سے پاکستان کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے ،بیجنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی کے اثرو نفوز کے تحت یہ شہر چین کی اشتراکی جدیدیت کا اہم نمونہ بن گیا ہے ، اس دورے کی بدولت انہیں مسلسل خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے جدیدیت کو فروغ دینے اور ترقی کی پاسداری کرنے کے بارے میں چین کے اقدامات کو دیکھنے میں مدد ملی ہے ،چینی دارالحکومت میں تاریخی مقامات کے دورے کے دوران یہ بات دیکھنے میں آئی کہ چین نے قدیم ثقافتی ورثے کو برقرار رکھا ہوا ہے ، قدرتی ماحول کے تحفظ کی طرف اب بھی توجہ دی جا رہی ہے ، ترقی کے بارے میں چینی حکومت کے مطمع ہائے نظر انتظامی طریقوں اور جدیدیت کے نظریات میں ترقیافتہ اور ترقی پذیر ملک دونوں کیلئے زبردست اسباق پنہاں میں ہیں ۔ حسن جاوید جو چینی زبان سے کماحقہ بہرہ ور ہیں اور چین کے بارے میں کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں کہا کہ چین کے عوام قدیم ’’عاجزی ‘‘ کی دولت سے مالامال ہے ، وہ دوسرے ممالک کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتے ہیں ، ان کی اپنی ترقی کے نتائج حیرت انگیز ہیں ، انہیں یقین ہے کہ چین مستقبل میں عظیم تر کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے ، چین جہاں ایک طرف روایتی چینی اوصاف کی پا سداری کررہا ہے وہاں وہ اپنی روایتی چینی ثقافت کا بھی تحفظ کررہا ہے ، چین ون بیلٹ اینڈ ون روڈ جو کہ خوشحالی کا راستہ ہے کی ترقی کیلئے خود اپنی خصوصیات جدیدیت کے راستے پر گامزن ہے ، یہ راستہ روایت اورجدیدیت کے دلچسپ امتزاج کا ’’ ترقی یافتہ ‘‘ ماڈل ہے جو ہم میں سے کئی ایک کے سیکھنے کیلئے اہم اسباق ہے ، اپنے کئی دہائیوں کے طویل سفارتی کیریئر کے دوران حسن جاوید نے چین میں دس سال گزارے اور انہیں چین کے 105شہروں کا سفر کرنے اور پاکستان کے سفارتخانے میں کام کرنے کا موقع نصیب ہوا۔ انہوئی کے بارے میں حسن جاوید نے کہا کہ اس کا چین کی اصلاحات اور کھلے پن کی تاریخ میں خصوصی مقام ہے ، انہوئی اب کئی وجوہ کی بنا پر دنیا کے بہترین علاقوں میں شمار ہونے لگا ہے ، دنیا بھر سے ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں سیاح آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین کی عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور ا ن کی خواہش ہے کہ ان کے تعلقات سدا بہار رہیں ۔