خبرنامہ پاکستان

چین کی طرح دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری کیلئے آرہے ہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے حکومت نے معاشی ترقی اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے،معاشی استحکام کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کار کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر حوصلہ افزائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یورپین اکنامک اینڈ سوشل کمیشن برائے ایشیاء کے ایگزیکٹو سیکرٹری ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات کے دوران کیا۔ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے فرنٹ پر ہے اور جن کی دیکھا دیکھی دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان کی جانب سے خطے کو یکجا کرنے کے حوالے سے توانائی اور مواصلات کے شعبوں پر بھی بحث کی گئی۔ دریں اثناء وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدارت میں آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزارت خزان کے مطابق اجلاس میں آئی ایم ایف سے حالیہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اصلاحات کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے تمام وزارتوں کو روابط بہتر بنانا ہونگے۔