بیجنگ:(ملت آن لائن) چین کےعوام چینی قونصل خانے پرحملے کے شہداء کے لیے میدان میں آگئی، چین کے مختلف شہروں میں شہداء کی فیملی کے لئے فنڈریزنگ کی گئی ، جمع ہونے والا فنڈ شہدا کی فیملی کو بھجوایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چینی عوام نے عظیم دوست ہونے کا ثبوت دے دیا، چینی قونصل خانے میں حملے کے شہداءکے لئے چین کے مختلف شہروں میں فنڈریزنگ کا اہتمام کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چینی عوام کی جانب سے جمع کی گئی رقم شہداءکےخاندان کو بھیجی جائے گی، چین میں فنڈریزنگ باکس کے ساتھ شہداءکی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی شہدا ءکے خاندان سے اظہار یکجہتی کی جارہی ہے، پاکستان میں متعین چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لجیان ژاؤ نے سوشل میڈیا پر پیغام ریکارڈ کرایا۔
لجیان ژاؤ نے بتایا کہ چینی عوام نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، پاکستان اور چین کی دوستی لوہے سے زیادہ مضبوط ہے۔
یاد رہے 23 نومبر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیاگیاتھا، جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دو اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔