خبرنامہ پاکستان

چین کے ساتھ دوستی کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی‘ وزیراعظم کا دورہ چین دوستی کی نئی راہیں متعین کرے گا، پیپلز پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی‘ وزیراعظم کا دورہ چین دوستی کی نئی راہیں متعین کرے گا‘ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کی جائے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواب یوسف تالپور نے کہا کہ چین اور سعودی عرب دونوں پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک نے آگے بڑھ کر مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے چین کے ساتھ دوستی کی بنیاد رکھی، آج وہ دوستی دونوں ممالک کے درمیان لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے دورہ چین سے دونوں ممالک میں دوستی کی نئی راہیں متعین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں سی پیک منصوبے کا آغاز کرکے دنیا کو حیران کردیا۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے ساتھ دیگر منسلک منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کرے۔ نواب یوسف تالپور نے کہا کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے تھا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو فوری واپس لیا جائے۔