خبرنامہ پاکستان

چین کے لوگوں کیلئے پاکستان دوسرا گھر ہے:احسن

اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین کے لوگوں کیلئے پاکستان دوسرا گھر ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات جیواکنامک دور میں داخل ہو گئے ہیں، دنیا بھر میں تبدیلی آ رہی ہے اور پوری دنیا کی نظریں ایشیاء پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نسٹ یونیورسٹی میں بیجنگ فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس فورم کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ ہم پاکستان اور چین کی سفارتی دوستی کی 65 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے سی پیک منصوبہ کاغذ کا ایک ٹکڑا تھا مگر اب اس منصوبہ پر عملی کام شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطوں کے فروغ میں پاک چین اقتصادی راہداری کا اہم کردار ادا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کا راستہ روکنا ہو گا، سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ معاشرتی ہم آہنگی بھی ضروری ہے، درست معاشی پالیسیاں کامیابی کا راز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں توانائی اور ٹرانسمیشن لائنز پر توجہ نہیں دی گئی، اقتصادی راہداری منصوبہ سے پاکستان کی توانائی کی کمی پوری ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر میں گوادر کو کوئٹہ سے ملایا جائے گا، پشاور اور کراچی موٹروے اگلے دو سے تین سال میں مکمل ہو جائے گا، ریلوے سیکٹر کر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اور گوادر میگاسٹی منصوبوں کے آغاز سے بلوچستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔