خبرنامہ پاکستان

ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی کا تبادلہ، سرفراز مرچنٹ کی انکوائری رک گئی

اسلام آباد(آئی این پی)ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد انعام غنی کے تبادلے کے باعث ایم کیو ایم کی قیادت پر سرفراز مرچنٹ کے سنگین الزامات کی انکوائری رک گئی ہے ،دوسری طرف وزارت داخلہ کے خط کے باوجود سندھ حکومت سمیت کسی بھی انٹیلی جنس ادارے نے ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف کوئی شواہد فراہم نہیں کئے،وزیر داخلہ نے وسیم سیال کو ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد مقرر کرنے کی سمری مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد انعام غنی نے سرفراز مرچنٹ کی طرف سے ایم کیو ایم کی قیادت پر بھارتی خفیہ ادارے’’ را‘‘ سے فنڈ زلینے اور منی لانڈرنگ سمیت دیگر سنگین نوعیت کے الزامات کی انکوائری شروع کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستانی تاجر سے رابطہ کیا تھا اور انہیں بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست کی تھی ،انعام غنی اور سرفراز مرچنٹ میں بیان ریکارڈ کرنے کے معاملے پر رابطے جاری تھے کہ انعام غنی کا تبادلہ ہو گیا لیکن فوری طور پر نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی نہ ہو سکی ،ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے نے وسیم سیال کو اسلام آباد زون کا ڈائریکٹر لگانے کی سفارش کی تھی ،وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وسیم سیال کو اسلام آباد زون کا ڈائریکٹر لگانے کی سفارش مسترد کر دی۔ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر مظہر کاکا خیل کو ڈائریکٹر اسلام آباد کا اضافی چارج دیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی تک سرفراز مرچنٹ کا بیان ریکارڈ ہو گا نہ انکوائری مکمل ہو گی۔(آچ)