خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹر عاصم نے پارٹی عہدے پر کام سے معذرت کرلی

ڈاکٹر عاصم نے پارٹی عہدے پر کام سے معذرت کرلی
کراچی:(ملت آن لائن) پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم نے پارٹی عہدے پر کام کرنے سے معذرت کر لی۔ ڈاکٹر عاصم پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں مشیر پیٹرولیم رہ چکے ہیں انہیں رینجرز نے دہشت گردوں کے علاج و معالجے کے الزام میں گرفتار بھی کیا تھا جب کہ نیب نے ان کے خلاف کرپشن کا ریفرنس کیا تھا۔ کیسز میں ضمانت کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عاصم کو پی پی کراچی ڈویژن کا صدر مقرر کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ڈاکٹر عاصم نے پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری سے رابطہ کیا اور پارٹی عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی۔ ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سرجری کی وجہ سے عہدے پرکام جاری نہیں رکھ سکتا لیکن پارٹی میں کارکن کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔ گزشتہ دنوں ڈاکٹر عاصم نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات بھی کی تھی۔ نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط
دوسری جانب ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے عدالتی حکم کے بعد ان کے وکیل نے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خط کے ساتھ ڈاکٹرعاصم کی بیرون ملک روانگی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی منسلک ہے جب کہ خط کے متن میں کہا گیا ہےکہ ڈاکٹر عاصم حسین نے علاج کے لیے 21 نومبر کو برطانیہ جانا ہے لہٰذا سپریم کورٹ کےفیصلے کی روشنی میں ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔ سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔