خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹرعاصم کا نام ای سی ایل سے نکال دیا، ڈپٹی اٹارنی جنرل

ڈاکٹرعاصم کا نام ای سی ایل سے نکال دیا، ڈپٹی اٹارنی جنرل
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے آگاہ کرنے کے بعد توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ رواں ماہ 16 نومبر کو جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی لیکن پھر بھی نام نہ نکالے جانے پر ڈاکٹر عاصم نے سیکریٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ منگل کے روز سپریم کورٹ میں ڈاکٹر عاصم کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکال دیا گیا ہے۔ ای سی ایل سے نام نہ نکالنے پر ڈاکٹر عاصم کی سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست
دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ بیرون ملک علاج کے لیے ٹرائل کورٹ سے اجازت لینا ہو گی، ایسا نہ ہو نام نکلنے پر ملزم ہمیشہ کے لیے باہر رہائش پذیر ہوجائے اس موقع پر ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عاصم کا نام عدالتی حکم کے مطابق نہیں نکالا۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کی یقین دہانی کے بعد ڈاکٹر عاصم کی توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ ڈاکٹر عاصم کا نام ان کی گرفتاری کے بعد نومبر 2015 میں ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔