خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی واپسی اور اہل خانہ سے ملاقات سے متعلق درخواست کیسماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی اور اہل خانہ سے ملاقات سے متعلق درخواست پرسماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی ۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل بینچ نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پرسماعت کی تو اس موقع پر وزارت خارجہ کے حکام نے عدالت میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ۔سماعت کے موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ امریکی حکومت سے عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی سے متعلق معاملہ اٹھایا تھا۔امریکہ کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔جسٹس نورالحق قریشی نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار بھی عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے ممکنہ حل سے متعلق پندرہ روز میں اپنی رائے دیں۔عدالت نے کیس کی سماعت دوہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ۔