خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹر عامر لیاقت پرپابندی لگادی گئی

ڈاکٹر عامر لیاقت پرپابندی لگادی گئی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نفر ت آمیز مواد پر مشتمل پروگرام کرنے پر ڈاکٹر عامر لیاقت پر دس جنوری تک ٹی وی شو کرنے پر پابندی لگا دی۔ بدھ کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر تاحیات پابندی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ شہری محمد عباس کی ایڈوکیٹ شعیب رزاق کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق، پمرا، پی ٹی اے اور عامر لیاقت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عامر لیاقت کے پاس اسلامی تعلیمات کی کوئی ڈگری نہیں، پروگرام ’’عالم آن لائن‘‘ کے ذریعے عامر لیاقت کئی برس سے مذہبی اور معاشرتی منافرت پھیلا رہا ہے، وہ غلیظ زبان استعمال کرتا اور کفر و غداری کے فتوی لگاتا ہے، اس کے فتوؤں سے کئی لوگوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عامر لیاقت کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تاحیات پابندی لگائی جائی اور پی ٹی اے کو سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کے تمام اکاؤنٹ بند کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ عدالت نے عامر لیاقت کے ٹی وی شوز کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے پمرا، وفاق اور عامر لیاقت کو نوٹس جاری کردیئے اور کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔