خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹروں کی طرف سےاجازت ملتے ہی وطن واپسی ہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد : (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی طرف سے حتمی اجازت ملتے ہی وہ بہت جلد عوام کے درمیان موجود ہوں گے۔ محبت و خلوص سے بھرے جذبات و احساسات کے پورے احترام کے ساتھ کارکنان اور عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ وطن واپسی پر ان کے استقبال اور ایسی ہی دیگر تقریبات منسوخ کردیں۔جمعرات کو کارکنان اور عوام کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ میری وطن واپسی کے موقع پر آپ ایک بڑے استقبالیہ پروگرام کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ مجھے آپ کی محبت اورخلوص کا پوری طرح اندازہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنے آپریشن کے حوالے سے بھی آپ کی اْس محبت اور خلوص کا ایسا مثالی مظاہرہ دیکھا ہے جو میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ آپ کی انہی دعاؤں کی قبولیت اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے حساس آپریشن کا مرحلہ بخیروخوبی مکمل ہوا اور میری صحت تسلی بخش طور پر بحال ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی یہ محبت میرا اور میری جماعت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ اسی سے مجھے وطن عزیز کی خدمت کا عزم اور توانائی ملتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹروں کی طرف سے حتمی اجازت ملتے ہی میں انشاء اللہ بہت جلد آپ کے درمیان موجودہوں گا اور انشاء اللہ ہم ایک دوسرے کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کی محبت و خلوص سے بھرے جذبات و احساسات کے پورے احترام کے ساتھ میں آپ سے اپیل کرتاہوں کہ آپ میرے استقبال اور ایسی ہی دیگر تقریبات منسوخ کردیں۔ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ختم ہورہا ہے۔ چند دنوں بعد عید آرہی ہے۔ آپ اپنی دینی اور تہذیبی روایات کے مطابق اس عظیم مذہبی تہوار کی تیاریاں کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات بھی ہم سب کے لئے رنج وغم کا باعث ہیں۔ عید مناتے وقت ان شہداء اور ان کے لواحقین کو دعاؤں میں ضرور یاد رکھیے۔نواز شریف نے کہا کہ میں ایک بار پھر آپ سب کا اپنی ماؤں ،بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی محبتوں اور دعاؤں سے نوازا۔