خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹر طاہرالقادری وزیراعظم نہیں بلکہ پورے نظام کا استعفی چاہتے ہیں، مشتاق احمد

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیر(ر)مشتاق احمد نے کہاکہ ،عوامی تحریک کو موجودہ سیاسی حالات سے لا تعلق سمجھنے والے جان لیں کہ عوامی تحریک کے بغیر کوئی جماعت اکیلی تبدیلی نہیں لاسکتی۔ لاکھوں کارکنان ڈاکٹر طاہر القادری کے اشارے کے منتظر ہیں، ان ہاؤس تبدیلی سے کچھ نہیں بدلے گا، قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری وزیراعظم کا استعفی نہیں بلکہ پورے نظام کا استعفی چاہتے ہیں،مائنس ون سے کچھ حاصل نہیں ھو گا،عوامی تحریک کی جدوجہد کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے ہے،جب تک موجودہ نظام اور اس کے محافظ ہیں ،سانحہ ماڈل ٹاؤن ہوتے رہیں گے، بے گناہ قتل اور بے گناہوں کو پھانسیاں ہوتی رہیں گی،موجودہ نظام غریب کا دشمن اور کرپشن کا محافظ ہے، غریبوں کا استحصال اور سرمایہ داروں کے مفادات کاتحفظ کرتا ہے اورموجودہ حکمران سرمائے کے بل بوتے پرملک میں اپنی بادشاہت قائم کرنا چاہتے ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور سنٹرل ایگزیکٹو کے اجلاس میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل اسلام آباد راولپنڈی کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ابرارضا ایڈووکیٹ،راجہ منیر اعجاز،فاروق بٹ،غلام علی خان،مصطفی خان،صدیق بٹ،عرفان طاہر،عثمان بٹ،شیخ اقبال،ملک تنویر،سردار محمد علی لاشاری،امجد عباسی،حاجی غفور،ملک طاہر،ملک ناصر،اور دیگر بھی موجود تھے،بریگیڈیر(ر)مشتاق احمدنے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکن اپنے شہید بھائیوں اور بہنوں کے انصاف کیلئے بے چین ہیں۔قاتلوں اور لٹیروں کے دن گنے جا چکے ، تحریک قصاص کے دوسرے راؤنڈ کی بھر پور تیاری کیلئے اسلام آباد ،راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع میں بھی عوام رابطہ کارکن مہم شروع کی جا رہی ہے،کارکن اور کنٹینر پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصل تبدیلی کا عمل قصاص سے شروع ہو گا،پانامہ لیکس کرپشن سکینڈل حکمرانوں کے لئے رائی کے دانے کی طرح ہے،حکمرانوں کا انجام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون کے بدلے میں ہی ہو گا ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو فی الفور پبلک کیا جائے ،اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے کسی کو خاطر میں نہ لائے جانے کے بیان کو سراہا گیا اور امید ظاہر کی کہ اس جرات کا اظہار سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی اشاعت کاحکم دے کر کیا جائے گا ۔ شرکاء اجلاس نے کہاکہ14 بے گناہوں کا خون قاتلوں کو ہضم نہیں ہو گا ۔ابراررضا ایڈووکیٹ نے کہاکہ ظلم اور نا انصافی حد سے بڑھ گئی،اب قاتل حکمران اللہ اور اسکی مخلوق کے غضب سے نہیں بچ سکیں گے ۔اجلاس میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور قیمتوں میں اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یہ عوام دشمن فیصلے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔