خبرنامہ پاکستان

ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق صدرآصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹرعاصم حسین کوعلاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف دہشت گردوں کو مبینہ طور پرعلاج اور طبی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

ڈاکٹرعاصم حسین نے اپنے وکیل کے ذریعے عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں اجازت طلب کی گئی تھی کہ انہیں 8 سے 28 اگست تک متحدہ عرب امارات یا لندن میں علاج کے لیے جانے کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ رینجرز نے ڈاکٹرعاصم حسین کو اگست 2015 میں گرفتار کیا تھا اور دہشت گردی سے متعلق جرائم میں مبینہ کردار کے باعث انہیں 90 روز تک حراست میں رکھا تھا۔

اسی دوران ڈاکٹرعاصم حسین کو نومبر 2015 میں پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا اور ان کے خلاف رینجرز کی مدعیت میں مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔

سابق صدرآصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف رینجرز نے شکایت درج کروائی تھی کہ وہ مبینہ طورپرمتحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کو ضیاء الدین ہسپتال کی دونوں برانچزمیں طبی سہولیات فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

مذکورہ ایف آئی آر کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما اور موجودہ میئر کراچی وسیم اختر، سابق رکن اسمبلی رؤف صدیقی، سابق پارٹی رہنما سلیم شہزاد، پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی، پی پی پی کے عبدالقادر پٹیل اور پاسبان پاکستان کے عثمان معظم نے انہیں ایسا کرنے کے لیے کہا تھا۔

ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور ہونے کے بعد گزشتہ سال اپریل میں انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے دیگر تمام کیسزمیں ضمانت حاصل کرلی تھی۔