خبرنامہ پاکستان

ڈرون حملے اب ختم ہو چکے ہیں، وزیر خارجہ خواجہ آصف

ڈرون حملے اب ختم ہو چکے ہیں، وزیر خارجہ خواجہ آصف

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے اور ڈرون حملے اب ختم ہو چکے ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ بھی ملاقات اچھی رہی، امریکی وزیر دفاع نے ملاقات میں کہا کہ ہم آپ پر اعتبار نہیں کرتے، میں نے جواب دیا ہمیں بھی آپ پر اعتبار نہیں، امریکی تھنک ٹینکس سے خطاب میں کھل کر باتیں کیں۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ مشاورت کے ساتھ 4 اکتوبر کو امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات طے پائی، ہم نے ماحول دیکھ کر امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات سے معذرت کر لی، امریکی وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات کا کہا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سینیٹر جان مکین نے ویتنام کی مثال دی جس پر میں نے جواب دیا کہ ویتنام میں امریکا کو بھاگنا پڑا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ امریکا کے ساتھ شفاف تعلقات چاہتے ہیں، امریکی لب و لہجے میں تبدیلی آئی ہے، ہم پاک امریکا تعلقات کے لیے پارلیمنٹ سے رہنمائی لیں گے، مشرف دور میں جو کچھ ہوا وہ ہماری تاریخ کا سیاہ باب ہے، پارلیمنٹ کو باہر رکھ کر تعلقات رکھنے کے نتائج بہت بھیانک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے اور ڈرون حملے اب ختم ہو چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ مہاجرین کے بھیس میں طالبان پاکستان آسکتے ہیں، افغانستان میں ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ کا گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف ہے، دہشتگرد پاکستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جس کے لیے 9 افغان خود کش حملہ آوروں کو پاکستان میں داخل ہوتے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم خلوص کے ساتھ خطے میں امن چاہتے ہیں، قومی مفاد پر کسی صورت رتی برابر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، پورا تعاون فراہم کریں گے لیکن کسی کی ناکامی کا ملبہ قبول نہیں کریں گے۔
Advertisement