خبرنامہ پاکستان

ڈومیسٹک کے ہیرو کامران اکمل انٹرنیشنل میں زیرو رہے

ڈومیسٹک کے ہیرو کامران اکمل انٹرنیشنل میں زیرو رہے
لاہور:(ملت آن لائن) ڈومیسٹک کرکٹ میں ہیروکامران اکمل انٹرنیشنل سطح پر زیرو ثابت ہوتے رہے ہیں۔ قومی ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ ساز کارکردگی کے بعد کامران اکمل کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے، تاہم ماضی میں بار بار کم بیک کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین عالمی سطح کے مقابلوں میں ناکامی کے بعد ٹیم سے باہر ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں انھوں نے جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی، سرفراز احمد کی موجودگی میں وکٹ کیپر کا رول نہیں مل سکتا تھا لیکن چیف سلیکٹرانضمام الحق نے انھیں بطور بیٹسمین سکواڈ میں شامل کرتے ہوئے دورہ ویسٹ انڈیز پر بھجوادیا۔
امران اکمل یہاں دہرے مسائل کا شکارہوئے فیلڈ کے عادی نہ ہونے کی وجہ سے مختلف پوزیشنز پر اہم کیچز چھوڑتے رہے، ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 47 رنز بنانے کے بعد دوسرے میں 21 تک محدود رہے، تیسرے میں کھاتہ بھی نہیں کھولا، مجموعی طور پر انھوں نے تینوں میچز میں 68رنز بنائے،ٹی 20 سیریزمیں بھی ڈومیسٹک کرکٹ فارم کی جھلک نظر نہیں آئی، پہلے میچ میں 22 رنز بنانے کے بعد دوسرے میں بغیر کوئی رن بنائے میدان سے باہر آگئے، تیسرے میں 48کی اننگز کھیلی تو چوتھے میں 20 رنز بنا پائے۔ کارکردگی میں عدم تسلسل کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انھوں نے 2002 میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد ابھی تک 15سال میں ٹیم کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے 53میچ کھیلے اور 30کی اوسط سے 2648رنز بنائے ہیں جب کہ اس دوران 157ون ڈے مقابلوں میں 26.09کی اوسط سے 3236رنز جوڑ پائے ہیں۔