خبرنامہ پاکستان

ڈوپنگ کیس میں 2 روسی ایتھلیٹس سے تمغے چھین لیے گئے

ڈوپنگ کیس میں 2 روسی ایتھلیٹس سے تمغے چھین لیے گئے
لوزانے / سوئٹزرلینڈ:(ملت آن لائن) سوچی ونٹر گیمز میں شریک مزید 2 روسی ایتھلیٹس سے جیتے گئے طلائی تمغے واپس لے لیے گئے۔ روسی ایتھلیٹس سے جیتے گئے واپس لینے کا اس کا اعلان گذشتہ دن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) نے کیا، ان پر بھی دیگر ہموطنوں کی طرح ڈوپنگ کا الزام عائد تھا، الیکسائی نیگاڈیلو اور دیمیتری ترونیکوف بھی اسی چار رکنی بوبسلیکگ ٹیم کا حصہ تھے، جس نے روسی پرچم گلے گیمز میں حصہ لیا تھا، اس سے قبل اسی ٹیم کے ایک اور ممبر الیگزینڈر زوبکوف سے بھی میڈل واپس لیاگیا تھا۔ آئی او سی نے اس کے علاوہ روس سے ٹیم ٹائٹل بھی واپس چھین لیا، یہ فیصلے آئی او سی کمیشن کی سماعت کے بعد سامنے آئے جس میں روس کے سرکاری سرپرستی میں ڈوپنگ چلانے کے معاملے کے الزامات زیر غور ہیں، روس نے 2014 میں ونٹر گیمز کی میزبانی اپنے شہر سوچی میں کی تھی۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے یانا رومانووا اور اولگا ویلوکینا کو بھی تمام ایونٹس سے ڈس کوالیفائی کیے جانے کا بھی اعلان کردیا، انھوں نے بھی سوچی گیمز میں سلور میڈل حاصل کیا تھا، ویلوکینا نے ویمنز 7.5 کلو میٹر بائتھلون ایونٹ میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا، ان کے علاوہ مینز انفرادی اسکلیٹون میں پانچویں پوزیشن کے حامل سرگئی چوڈینوف کو بھی ڈوپنگ خلاف ورزی پرنااہل قرار دینے کا اعلان کیاگیا ہے، یہ تمام پانچوں ایتھلیٹس مستقبل میں کسی بھی ونٹر اولمپکس میں بھی شرکت نہیں کرپائیں گے۔
آئی او سی کا اہم ترین اجلاس 5 سے 7 دسمبر تک شیڈول ہے، اس میں بھی مجموعی طور پر روس کی پیانگ چانگ ونٹر گیمز 2018 میں شرکت پر فیصلہ متوقع ہے لیکن اس سے ایک ہفتے قبل آئی او سی نے پانچویں روسی ایتھلیٹس پر پابندی عائد کردی ہے۔
دوسری جانب روسی آفیشلز کا کہنا ہے کہ وہ ان فیصلوں کیخلاف آئی او سی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، اب تک ہونے والی آئی او سی تحقیقات کے نتیجے میں روس 11 میڈلز کھوچکا ہے، اس طرح وہ سوچی ونٹرگیمز میں اپنی ٹاپ پوزیشن بھی کھوچکا ہے، اب یہ اعزاز ناروے کو مل گیا ہے جو 11 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔
واضح رہے کہ روس پر نومبر2015 سے انٹرنیشنل ایتھلیٹکس نے پابندی عائد کررکھی ہے، اسی وجہ سے ان کے ایتھلیٹس ریو اولمپکس 2016 میں بھی شرکت نہیں کرپائے تھے جبکہ رواں برس لندن میں منعقدہ چیمپئن شپ میں بھی روسی ایتھلیٹس حصہ نہیں لے پائے تھے۔