خبرنامہ پاکستان

ڈپٹی ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عادل عمرکےگھر نیب کا چھاپہ

کراچی میں نیب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عادل عمر کے گھر پر چھاپہ مارا، اس دوران عادل عمر کے گھر سے نقدی، زیورات اور تین گاڑیاں تحویل میں لی لیں گئی۔ گھر سے برآمد زمینوں کی اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی ڈی جی ایس بی سی اے عادل عمر کے گھر پر چھاپہ مار کر مسلسل پانچ گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی گئی۔

چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ نیب ذرائع کے مطابق عادل عمر سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت پر ہیں۔ نیب حکام کے ہمراہ خواتین پولیس اہلکار بھی تھیں۔

واضح رہے کہ نیب نے کرپشن کے الزام میں سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل کے خلاف وسیع پیمانے پر انکوائری شروع کردی ہے۔

اس سے قبل ایس بی سی اے کے سابق و مفرور ڈائریکٹر جنرل منظور قادرعرف کاکا نیب کی تحقیقات شروع ہوتے ہی ملک سے فرار ہوچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ماتحت بعض افسران مبینہ طور پر پی سی ایچ سوسائٹی کے بلاک 6 کے نصف درجن سے زائد پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ان مبینہ کرپٹ افسران نے غیر قانونی تعمیرات کے لیے بطور رقم بھاری رشوت لی ہے۔