خبرنامہ پاکستان

ڈیوڈ کیمرون کا اپنے والد کے آف شورفنڈ میں شئیرہو لڈرہونے کا اعتراف

لندن:(اے پی پی)برطانیہ کے وزیراعظم نے اپنے والد کے آف شور فنڈ میں شئیرز ہونے کا اعتراف کرلیا تاہم ان کا کہنا ہے وزیراعظم بننے سے پہلے شئیرز کو فروخت کردیا تھا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے والد کے فنڈ میں یونٹ ہونے کا اعتراف پانامہ پیپرز کے انکشاف کے پانچ دن بعد سامنے آیا۔ کیمرون کے مطابق آف شور انویسٹمنٹ فنڈ میں ان کے پانچ ہزار یونٹ تھے۔ جو انہوں نے وزیراعظم بننے سے پہلے جنوری 2010میں فروخت کردیے ،ان یونٹس کی مالیت تیس ہزار پونڈز کے قریب تھی۔ پانامہ پیپرز میں ڈیوڈ کیمرون کے والد کا نام آنے کے بعد پہلے اسے وزیراعظم کا ذاتی معاملہ قرار دیا گیالیکن پھر ایک وضاحتی بیان جاری ہوا جس میں بتایا گیا کہ فنڈ میں وزیراعظم کیمرون کا نہ تو کوئی شئیر ہے اور نہ ہی ان کے بیوی بچوں کو کوئی پرافٹ ملتا ہے۔