خبرنامہ پاکستان

ڈیڈ لاک ختم: طاہر القادری کا اسلام آباد دھرنے میں شرکت کا فیصلہ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے عمران خان کے رابطے کے بعد اسلام آباد دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھیں اسلام آباد دھرنے میں شرکت کی دعوت دی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے دعوت قبول کرتے ہوئے 2 نومبر کو اسلام آباد دھرنے میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ انہوں نے دھرنے میں شرکت کیلئے عمران خان کو ہاں کر دی ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ بیٹھ کر لائحہ عمل طے کریں گے۔ خرم نواز گنڈا پور کیساتھ پی ٹی آئی کا وفد معاملات طے کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان دعوت قبول کر لی ہے لیکن میرے آنے پر بات نہیں ہوئی۔ یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ میں بھی شرکت کروں گا۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم متحد ہے۔ مرتے دم تک شہیدوں کا خون بھول نہیں سکتا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کا اعلی سطح وفد چوبیس گھنٹے میں عوامی تحریک کی قیادت سے ملاقات کرے گا۔ عوامی تحریک کے وفد کی قیادت خرم نواز گنڈا پور کریں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اورچودھری سرور مذاکرت میں شریک ہوں گے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان دھرنے اور آئندہ سیاسی تعاون کے لئے معاملات طے کئے جائیں گے۔ عوامی تحریک دھرنے میں کیسے، کہاں اور کس انداز سے شریک ہوگی، سب طے ہوگا۔ عوامی تحریک دھرنے کے بعد کے معاملات پر بھی طے کرے گی۔