خبرنامہ پاکستان

کامن ویلتھ گیمز 2018، پاک بھارت ہاکی ٹاکرا 7 اپریل کو ہوگا

کامن ویلتھ گیمز 2018، پاک بھارت ہاکی ٹاکرا 7 اپریل کو ہوگا
لاہور:(ملت آن لائن) آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جب کہ پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے 7اپریل کو آمنا سامنا ہو گا۔
اولمپکس کے بعد کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ کامن ویلتھ گیمز آئندہ برس آسٹریلیا میں سجے گا۔ انتظامیہ نے میگا ایونٹ کے ہاکی ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے،آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کا ہاکی ایونٹ 5سے 14اپریل تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں پول بی میں ویلز ، انگلینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کے ہمراہ شامل ہیں۔
پول اے 5 بار کی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، کینیڈا اور اسکاٹ لینڈ ٹیموں پر مشتمل ہے، میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کیخلاف 7 اپریل کورکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ماضی قریب میں پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے درمیان 7 میچز کھیلے گئے، ان تمام مقابلوں میں گرین شرٹس کو بلو شرٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کو روایتی حریف کے ہاتھوں دو بار شرمناک شکستوں کا سامنا رہا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2014 میں اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ، ویلز، کینیڈا، انگلینڈ، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے شرکت کی تاہم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے 2 متحارب گروپوں کی لڑائی کی وجہ سے پاکستان ٹیم تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ کا حصہ بننے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو زیر کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ بھارت نے تیسری اور نیوزی لینڈ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم اب تک کامن ویلتھ گیمز میں ایک بار بھی سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے، گرین شرٹس نے پہلی بار 2003 میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ ٹیم 2006 میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔
کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں جاری تفصیلی شیڈول کے مطابق مقابلے 5 اپریل سے شروع ہوں گے، ابتدائی روز 2 میچز کا فیصلہ ہو گا، پاکستانی ٹیم ویلز کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ جنوبی افریقہ کا میچ اسکاٹ لینڈ کے ساتھ ہوگا، 6 اپریل کو انگلینڈ کا میچ ملائیشیا کیساتھ ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کینیڈا کیخلاف میدان میں اترے گی۔
7 اپریل کو میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ اسی روز ملائیشیا کا میچ ویلز، کینیڈا کا اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ کے ساتھ ہو گا۔ 8 اپریل کو پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف نبرد آز ما ہوگی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے خلاف رکھا گیا ہے، بھارتی ٹیم ویلز کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ آسٹریلیا کا ٹاکرا اسکاٹ لینڈکے ساتھ ہو گا۔
9 اپریل کو ایونٹ کا کوئی میچ نہیں ہو گا جبکہ10 اپریل کو ایک بار پھر 4 میچز کا فیصلہ ہوگا، بھارتی ٹیم ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، نیوزی لینڈ کا میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف رکھا گیا ہے، انگلینڈ کا مقابلہ ویلزکے ساتھ ہوگا اور آسٹریلیا کی ٹیم کینیڈا کے خلاف میدان میں اترے گی۔
11 اپریل کو پاکستان کا مقابلہ ملائیشیاکے ساتھ ہوگا، آسٹریلیا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، بھارت کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ کینیڈا کا میچ جنوبی افریقہ کیساتھ ہو گا، 13 اپریل کو کلاسیفیکشن اور سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 14 اپریل کو رکھا گیا ہے۔