خبرنامہ پاکستان

کراچی:عدالت کا ڈاکٹر عاصم کیس میں انیس قائمخانی کو گرفتار کرنیکا حکم

آئندہ سماعت پر انیس قائمخانی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم ‘مفرور ملزمان کے پھر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (آئی این پی)انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں انیس قائمخانی کو گرفتار کرکے اگلی سماعت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے مفرور ملزمان کے ایک بار پھر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔انسداد دہشتگردی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کے مارچ 2015 کو مفرور ملزمان سے متعلق ایئرپورٹ حکام کو خط لکھا تھا مگر کوئی جواب نہیں آیا۔ عدالت نے پراسیکیوٹر سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ مفرور ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل کیوں نہیں کیا جاسکتا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے جواب میں موقف اختیار کیا عدالت مفرور ملزمان کے نام اے سی ایل میں ڈال سکتی ہے بلکہ انکے خلاف ریڈ وارنٹ بھی جاری کیا جاسکتے ہیں مگر اسکے لیے عدالت کو وزارت داخلہ کو خط لکھنا پڑے گا۔عدالت نے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق پیش کردہ رپورٹ پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پوری رپورٹ ملے گی تب ہم اشتہاری کی کاروائی کا کہیں گے۔ عدالت نے دوران سماعت تفتیشی افسر سے انیس قائمخانی کی گرفتاری سے متعلق سوال کیا جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پاکستان ہاؤس کئی بار گیا مگر وہ نہیں ملے، وہاں درخشاں پولیس تعینات ہے، درخشاں پولیس کو حکم دیں کہ گرفتاری میں مدد فراہم کریں، جس پر عدالت نے درخشاں پولیس کو حکم دینے کی حامی بھر لی اور کہا کہ ہم متعلقہ پولیس کو آپکی مدد کا کہہ دیتے ہیں، آپ آئندہ سماعت پر انیس قائمخانی کو گرفتار کرکے پیش کریں گے۔ عدالت نے مفرور ملزمان کو وطن پہنچنے پر ائیرپورٹ سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی۔