خبرنامہ پاکستان

کراچی سرمئی بادلوں کی لپیٹ میں،مختلف علاقوں میں بارش

کراچی میں علی الصبح سرمائی بادلوں اور ان سے برستی ہلکی اور تیز بارش نے موسم کے ساتھ ساتھ موڈ بھی خوشگوار بنا دیئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز شہر شہر کا مطلع ابر آلود رہے گا۔

شہر کی مرکزی شارع، شارع فیصل پر حد نگاہ تک امڈ آتے سرمائی بادلوں نے شہر کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا دیئے۔ بارش کا پانی لیے بادلوں کو بالا آخر کراچی والوں پر رحم آہی گیا اور شارع فیصل سے منسلک مختلف علاقوں میں آچانک کچھ دیر کیلئے تیز بارش شروع ہوگئی۔

صبح کے اوقات میں گھروں سے نکلنے والے افراد دلکش منظر دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔ کچھ منچلے سڑکوں پر تیز آواز میں گانے گاتے بھی نظر آئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ گئی۔

پنجاب میں چوتھےروزبھی جل تھل،کراچی میں موسلادھاربارش کاامکان
دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کےشہری بارش میں احتیاط کریں، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور شہری برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا،۔ تاہم راول پنڈی، گوجرانولا، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤٗں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران:
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم گوجرانوالہ،سرگودھا، مکران ڈویژن میں چند مقامات پرتیزہواوٗں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب:گوجرانوالہ18، سرگودھا 03، بلوچستان: لسبیلہ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔