خبرنامہ پاکستان

کراچی: لڑکیوں کو ورغلا کر زیادتی کرنیوالے 4 ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا

کراچی: لڑکیوں کو ورغلا کر زیادتی کرنیوالے 4 ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا

کراچی:(ملت آن لائن) لڑکیوں کو ورغلا کر زیادتی کا نشانہ بنانے والے 4 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ پولیس نے گزشتہ روز لڑکیوں کو محبت اور نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
کراچی: لڑکیوں کو محبت اور نوکری کا جھانسہ دیکر زیادتی کا نشانہ بنانے والا گروہ بے نقاب
پولیس نے چاروں ملزمان دانیال احمد، آفاق احمد، اسد نیازی اور غفران مرزا کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس کی جانب سےملزمان کے خلاف لڑکیوں سے زیادتی کی بجائے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں عدالت سے ملزمان کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے ملزمان کو 28 مارچ تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی گفتگو
دوسری جانب ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چاروں ملزمان کے خلاف متاثرہ لڑکیوں یا ان کے اہلخانہ نے کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا۔ عامر فاروقی نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایم ایس جی اور تین پستول ملی ہیں جس بنا پر ان کے خلاف فی الحال غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کیا گیا جب کہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والے لیپ ٹاپ اور موبائل فونز سے بھی لڑکیوں کی ویڈیوز ملی ہیں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے اب تک کتنی لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا اس کی ابھی صحیح تعداد سامنے نہیں آئی لیکن ملزمان تین چار سال سے اس گھناؤنے فعل میں ملوث تھے اور ان کا ہدف کالج کی لڑکیاں تھیں۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے متاثرہ لڑکیوں اور ان کے خاندان سے اپیل کی کہ وہ ملزمان کےخلاف کارروائی کا حصہ بنیں۔