خبرنامہ پاکستان

کراچی مردم شماری پررجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد، پی ایس پی کی اپیل منظور

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کراچی میں مردم شماری سے متعلق رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی اپیل منظور کرلی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے چیمبر میں کراچی مردم شماری سے متعلق رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف پی ایس پی کی اپیل پر سماعت کی۔

اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال بھی چیف جسٹس کے روبرو پیش ہوئے۔

مختصر سماعت کے بعد چیف جسٹس نے کراچی مردم شماری سے متعلق رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے پی ایس پی کی اپیل منظور کرلی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ درخواست پر سماعت الیکشن کے بعد ہوگی اگر الیکشن سے پہلے درخواست مقرر ہوئی تو انتخابات پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔

یاد رہے کہ پی ایس پی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم دکھائی گئی جب کہ شہر کی آبادی تین کروڑ سے بھی زائد ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ لکھی گئی تاہم سب کو معلوم ہے کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے بھی زائد ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں سالانہ ہزاروں لوگ دوسرے شہروں سے آکر بستے ہیں لیکن مردم شماری میں دیہی علاقوں کے علاوہ شہری علاقوں کی آبادی بھی کم کی گئی ہے۔