خبرنامہ پاکستان

کراچی میں بدھ سے طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

کراچی میں بدھ سے طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
کراچی(ملت آن لائن)محکمہ موسمیات نے بدھ سے شہر میں طوفانی بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کردی۔شہر میں سمندری ہوائیں کل سے رکنے کا امکان ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے اور شہر میں سمندری ہوائیں کل سے رکنے کا امکان ہے جب کہ شہر میں اس وقت جنوب مغربی علاقوں سے ہوا 18 سے 24 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہے جس میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بھارت کے شمال مشرق میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے جو منگل کی رات تک کراچی پہنچ جائے گا جس کے باعث منگل کی رات سے ہی شہر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو بدھ سے شدید ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے، شدید بارشیں شہر میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہے تاہم کراچی میں سمندری طوفان کا کوئی خدشہ نہیں۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہےکہ بدھ سے کراچی کے علاوہ سکھر اور لاڑکانہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔

اس کے علاوہ بدھ سے قلات، ہزارہ، ڈیرہ اسماعیل خان کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے جب کہ بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔