خبرنامہ پاکستان

کراچی میں مافیا کی ایٹمی سائنسدان کی زمین پر قبضے کی کوشش

کراچی میں مافیا کی ایٹمی سائنسدان کی زمین پر قبضے کی کوشش

کراچی:(ملت آن لائن) شہر قائد میں مافیا نے معروف ایٹمی سائنسدان کو بھی نہ بخشا اور قوم کے محسن کی زمین پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ڈاکٹر عبدالقدیر کی ٹیم کے رکن اور سائنسدان سبط مرتضیٰ کو ہراساں کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سبط مرتضیٰ نے سیکریٹری قانون، سیکریٹری کوآپریٹو اور ایڈمنسٹریٹر سوسائٹیز کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے دو مئی تک جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے درخواست گزار کو ہراساں نہ کرنے اور گھر کی لیز منسوخی کی کارروائی روکنے کا حکم دیا۔
کراچی میں زمین پر قبضے کی جنگ کی وجہ سے ہی ٹارگٹ کلنگ ہوتی ہے
درخواست گزار سائنس دان سبطِ مرتضیٰ نے بتایا کہ انہوں نے 1998 میں سوسائٹی میں پلاٹ خریدا جس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر نے قبضہ مافیا سے مل کر 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے، رقم نہ دینے کی صورت میں پلاٹ پر قبضہ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، سبطِ مرتضیٰ سائنسدان اور ضعیف العمر شہری ہیں، سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر انہیں فون پر دھمکیاں اور بلیک میل کررہے ہیں۔