خبرنامہ پاکستان

کراچی پیکیج کو ایم کیوایم کے مطالبات سے نہ ملایا جائے، گورنر سندھ

کراچی(ملت آن لائن) گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہےکہ کراچی پیکیج کو ایم کیوایم کے مطالبات سے نہ ملایا جائے جب کہ ووٹ کے لیے ایم کیوایم نے کوئی مطالبہ نہیں رکھا تھا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور اس کا ترجیحی بنیاد پر خیال رکھا جاتا ہے، شہر کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے دورے کے دوران کراچی پیکیج کا اعلان کیا، کے 4 منصوبے میں 50 فیصد شراکت وفاقی حکومت کی ہے، وفاق گرین لائن، کے فور اور لیاری ایکسپریس وے میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے جب کہ اگلے انتخابات تک وفاقی حکومت جو کچھ کرسکتی ہے کریں گے۔

محمد زبیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے این ایف سی ایوارڈ سے بڑھ کرکراچی پیکیج کا اعلان کیا، وفاق نے کراچی کو ترقی دینے کے لیے منصوبے شروع کیے ہیں اور حیدرآباد کی بہتری کے لیے بھی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی پیکیج کو ایم کیو ایم کےمطالبات سے نہ ملایا جائے، 11 جولائی کو وزیراعظم کو کراچی آنا تھا اور پیکیج کا اعلان کرتے جب کہ جولائی میں ووٹ لینے کا معاملہ تھا ہی نہیں اور ووٹ کے لیے ایم کیوایم نے کوئی مطالبہ نہیں رکھا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن کا قیام ایک چیلنج تھا لیکن آج کا کراچی ماضی کے کچھ سال سے بہت مختلف ہے،اب کراچی میں ہڑتال اور جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوتا، شہر میں امن آگیا ہے جو ایک معجزہ ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ خاص طور پر ہمارا رابطہ تھا، ایم کیو ایم کراچی کی سیاسی جماعت ہے لوگوں نے انہیں منتخب کیا، ایم کیو ایم کا حصہ سب سے زیادہ اہم تھا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بانی ایم کیوایم کی میں بات نہیں کررہا ان کی سیاست کی سب مذمت کرتے ہیں، ہمیں خوشی ہےکہ بانی ایم کیوایم کی سیاست ختم ہوئی، اب پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن میں ہر جگہ ایم کیوایم پاکستان ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اب لگتا ہے سندھ میں اگلی حکومت ن لیگ کی ہوگی۔