خبرنامہ پاکستان

کرسمس پر خوشیاں اور رنگ، شہر شہر گرجا گھروں میں تقریبات

لاہور/کراچی/پشاور/فیصل آباد/ دالبندین: (ملت+اے پی پی) بڑے دن کی بڑی خوشیاں منانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لاہور کے کیتھڈرل چرچ میں کرسمس کے موقع پر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ بشپ آف لاہور نے سروس کا اہتمام کیا جس میں امن و سلامتی کا پیغام دیا گیا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ شرکاء نے کرسمس کے حوالے سے خصوصی گیت گائے۔ پشاور میں بھی 32 چھوٹے اور بڑے گرجا گھروں میں کرسمس تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ مسیحی برادری نے ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ کوہاٹی چرچ میں منعقد کی جانے والی تقریب میں مسیحی برادری کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ فیصل آباد میں بھی مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار جوش و جذبے سے منایا۔ کیتھولک چرچ میں ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ملک کے دیگر شہروں سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، کاہنہ، سوات، مری، دالبندین اور دریا خان میں بھی کرسمس تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں۔