خبرنامہ پاکستان

کرپشن اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے آگہی و تدارک کی مہم 2017ء میں بھی جاری رہے گی:‌چیئرمین نیب

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا تمام وسائل بروئے کار لا کر ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، نیب کی کرپشن اور بدعنوانی کی روک تھام کیلئے عوام کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگہی و تدارک کی مہم 2016ء میں کامیاب رہی ہے، یہ مہم 2017ء میں بھی جاری رہے گی۔ یہ بات انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ملک بھر میں جاری آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ’’کہہ دو کرپشن نہیں‘‘ کے نعرے سے شروع کی جانے والی مہم رواں سال کے دوران اپنے انتہائی عروع پر پہنچ چکی ہے جبکہ نیب کی تدارک اور آگاہی کی مہم کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اجاگر کیا جا رہا ہے جسے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتی، غیر سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات کے ذریعے کرپشن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ مہم کے تحت تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر یہ نعرہ بطور اشتہار دیا گیا ہے۔ انسداد بدعنوانی کے دن2016ء کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین کی صدارت میں قومی سیمینار منعقد کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے تعاون سے بھی سیمینار منعقد کیا گیا جس کی صدارت صدر ممنون حسین نے کی جس میں انہوں نے نیب کی اس مہم کو سراہتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نیب اور ہائیر ایجوکیشن کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت جامعات کے طالب عملوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی اور اس ضمن میں 42 ہزار سے زائد کردار سازی سوسائٹیاں قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل، آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو اور کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کرپشن ، بدعنوانی کے خلاف نعرے کو بلز پر پرنٹ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پوسٹ کے تعاون سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی ٹکٹ جاری کئے گئے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تمام 24 لاکھ ڈرائیونگ لائنسسوں پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام شائع کیا جا رہا ہے۔ نیب نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کیلئے پی ٹی اے کے تعاون سے تمام موبائلز کمپنیوں کے صارفین کو بدعنوانی سے انکار کے پیغامات بھیجے ہیں۔ پی آئی اے میں ملک اور بیرون ملک پروازوں میں نیب کا بدعنوانی سے انکار سے پیغام اجاگر کیا جا رہا ہے جس سے پی آئی اے کے تمام مسافروں نے سراہا ہے۔ پاکستان فلم سنسر بورڈ کے تعاون سے ملک بھر کے سینما گھروں میں قومی ترانہ کے بعد نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام پیش کیا جاتا ہے۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن ملک بھر میں تمام اقسام کے سگریٹ کے پیکٹوں پر ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام درج کرا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے اور موٹروے پولیس کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ بل بورڈز پر یہ پیغام آویزاں اور موٹروے پر سفر کرنے والوں تک نیب کا یہ پیغام پہنچائیں۔ اسلام آباد میں سیاحتی مراکز دامن کوہ، شکرپڑیاں، ایئر پورٹ اور زیرو پوائنٹ میں ایسے بل بورڈ نصب کئے جائیں۔ تمام پولیس سٹیشنوں پر نیب کے نعرے آویزاں کرنے، تمام حکومتی ٹینڈر پر کرپشن نہیں کے پیغامات چھاپے گئے۔ اسلام آباد کی بڑی سڑکوں کے داخلی راستوں پر بھی یہ پیغامات آویزاں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے دنیا میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا درجہ 126 سے کم ہو کر 116 تک آ گیا ہے جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے، اسی طرح عالمی اقتصادی فورم کی درجہ بندی میں پاکستان 126ویں سے 122ویں نمر پر آ گیا ہے جبکہ پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق 42 فیصد عوام نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ نیب کو موصول ہونے والی عوامی شکایات میں اضافہ نیب پر اعتماد کا مظہر ہے۔