خبرنامہ پاکستان

کرپشن کیس: احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد کردی

کرپشن کیس:

کرپشن کیس: احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد کردی

کراچی:(ملت آن لائن) احتساب عدالت نے 17 ارب روپے سے زائد کے کرپشن ے ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد کردی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا گیا جس میں ان پر قومی خزانے کو 17 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان کےخلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی جس دوران پی پی رہنما سمیت شعیب وارثی، ذوہیر صدیقی اور خالد رحمان و دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے 23 مہینے بعد ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی، عدالت نے ایک ایک ملزم کو فرد جرم پڑھ کے سنائی۔ ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزمان نے فرد جرم عائد کیے جانے پر صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق ملزمان پر سوئی سدرن گیس کمپنی میں غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔ دوسری جانب احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ پنجاب والے لڑنا جانتے ہیں وہ لڑرہے ہیں، اندر والوں کو لڑنا نہیں آتا، مجھ سے اردو، انگلش میں لکھوالیا، مجھے یہ علم بھی نہیں کہ الزامات کیا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب سیاسی الزامات ہیں، میں اس فرد جرم سے مطمئن نہیں، مجھے تو فرد جرم سنائی تک نہیں گئی۔