خبرنامہ پاکستان

کرپشن کے خاتمے کے لیےجمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے، پرویز رشید

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر اطلاعات سینیٹر پروزیر رشید کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ہمارا قومی ایجنڈہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے جمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی آڑ میں کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے، کرپشن کا خاتمہ ہمارا قومی ایجنڈہ ہے تاہم اس کے خاتمے کے لیے جمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے ساتھ کرپشن میں بھی کمی ہوئی ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران 3 سالوں میں لگنے والے میگا پروجیکٹس میں پوری شفافیت ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مشرف حکومت آئی تو اس نے احتساب کا رخ موڑ دیا، ماضی کے احتساب مضحکہ خیز اور عبرتناک ہیں جب کہ ہم خودمختار اور آزاد اداروں کے حامی ہیں، کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام ادارے مل کر کام کریں گے تو اس سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم میں لوگوں سے تفتیش کرنا ایک پیچیدہ عمل ہے تاہم کرپشن کے خاتمے کے خلاف بھی کمیٹی بنی چاہیے جب کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ کو بھی سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔