خبرنامہ پاکستان

کرپشن کے خلاف شروع کی گئی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائینگے، سراج الحق

پشاور (ملت + آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اورسابقہ حکمرانوں کا ایک ہی ایجنڈا رہا ہے کہ قومی خزانے کو لوٹ کر اپنی تجوریاں کیسے بھرنی ہیں۔ بھیس بدل کر عوام کو لوٹنے والا ٹولہ اب قوم کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتا۔کرپشن کے خلاف جو تحریک شروع کی تھی اسکومنطقی انجام تک پہنچائینگے،اب نوجوان کمربستہ ہیں اور انقلاب کیلئے تیار ہیں،ملک میں غریب کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔ملکی سلامتی کوغریب عوام سے نہیں بلکہ اس ٹولے سے خطرہ ہے جن کے نام اور پارٹیاں مختلف اور نظریہ اورکردار یک ہیں ، اور انکی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاورورسک روڈ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرامیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ، مرکزی رہنما جماعت اسلامی وسابق ممبرقومی اسمبلی شبیر احمد خان ، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان ، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ٹاون ون وسابق ناظم خالدگل مہمند، امیر جماعت اسلامی ٹاون ٹو ہدایت اللہ خان اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پرجمعیت علماء اسلام ف کے معروف شخصیت حاجی طیب الرحمن ، ملک حاجی فضل رحیم ، صدیق الرحمن ، نعیم الرحمن ، فضل آمین نے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان میں نظریہ پاکستان کی جگہ دوسرے نظریات جنم لے رہے ہیں۔ ،حکمران قومی تعصب کو ہوا دے رہے ہیں ،اور ان حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کے سرحدات کو خطرات لاحق ہیں ،انہوں نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں کسی مزدور اور کسان کا نام نہیں اس بڑے سکینڈل میں حکمرانوں کے نام ہیں ،آف شور کمپنیاں ہمارے ملک کے سرمایہ داروں نے بنائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی سخت وقت آیا ہے تو اقتدار پرقابض ٹولہ ملک چھوڑ کر بیرون فرار ہو جاتا ہے۔ یہ صرف ملک پر حکمرانی کے لیے پاکستان آتے ہیں ورنہ ان کی جائیدادیں اور کاروبار بیرون ملک ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج پختونوں کے خلاف پنجاب اور سندھ میں دہشتگردی کی آڑ میں مہم چلائی جارہی ہے حکمرانوں کو معلوم ہوناچاہیے کہ آزاد کشمیر انہی پختونوں نے آزاد کرایا تھا اور یہ لوگ مغربی سرحد کے محافظ ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ نوجوانوں کے ان جلسوں کو دیکھ کر یقین سے کہتا ہوں کہ اب انقلاب اس ملک کا مقدر ہے ۔