خبرنامہ پاکستان

کرپٹ اوربدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کےلئےسب سےبڑاخطرہ ہے، عمران

بنی گالہ:(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبرسے کراچی تک عوام کو متحرک کرکے وزیر اعظم نوازشریف کو قانون کے تابعداری پرمجبورکردیں گے۔ بنی گالا میں عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جہانگيرترين، نعيم الحق، شيريں مزاری، سيف اللہ نيازی، اسد قيصر، چوہدری سرور، نعيم بخاری سميت مرکزی رہنماؤں کے علاوہ پنجاب کے چاروں ریجنز کے صدورنے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاناما لیکس کے معاملے پر تحریک کے لئے حکمت عملی، حکومت کے خلاف تحریک کے دوران 7 اگست کے پلان اور پشاور سے راولپنڈی تک مارچ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران پارٹی رہنماوں سے خطاب ميں چئيرمين تحريی انصاف عمران خان نے كہا كہ پاكستان تاريخ كے اہم ترين دوراہے پر كھڑا ہے، كرپٹ اشرافيہ يا مستحكم جمہوريت ميں سے كسی ايک كا انتخاب كرنا ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹ اوربدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے، ترکی میں سیاستدانوں سے بڑھ کرعوام نے جمہوریت کی حفاظت کی، قوم کو کرپٹ اشرافیہ یا مستحکم جمہوریت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ قوم کی امیدوں کا واحد مرکزتحریک انصاف ہے، 7 اگست سے پاکستان میں ایک نئی تاریخ کا نکتہ آغاز ہو گا۔ ہم خیبر سے کراچی تک عوام کو متحرک کریں گے اوروزیراعظم کو قانون کے تابعداری پر مجبور کردیں گے۔ اجلاس كے بعد ميڈياكوبريفنگ ميں تحریک انصاف کے مرکزی سيكرٹری اطلاعات نعيم الحق نے بتايا كہ پارٹی كے اہم اجلاس ميں ملک کی موجودہ سياسی صورتحال پر غوركيا گياجب كہ پانامہ ليكس كے حوالے سے عوامی تحريک اورتمام آئينی وقانونی طريقہ كاراور حكمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے كہا كہ سات اگست كوحكومت مخالف تحريک كاآغازپشاور سے ريلی کی صورت ميں سے كيا جارہا ہے جس ميں چئيرمين عمران خان اور پارٹی قيادت شركت كرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انصاف كے حصول كے لئے ہر دروازہ كھٹكھٹائے گی، اليكشن كميشن ميں وزيراعظم نوازشريف كے خلاف دائرريفرنس كی بھی سماعت 5 اگست كوہورہی ہے جبكہ پارٹی قيادت نعيم بخاری كی تياركردہ پٹيشن سپريم كورٹ ميں دائركرنے پربھی غوركررہی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 6 اگست كو حكومت نے ٹی اوآركميٹی كااجلاس طلب كياہے جس ميں شركت كريں گے اور كمیٹی اجلاس ميں حكومتی رويہ ديكھ كرآئندہ كالائحہ عمل ديں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اجلاس کے دوران پارٹی انتخابات پربھی مشاورت کی گئی اور کل تک سندھ اورخيبرپختونخواميں نئے تنظيمی عہدوں كافيصلہ كرليا جائے گا۔ پاکستان عوام تحریک اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ قومی مشاورتی کانفرنس میں 25 سیاسی جماعتوں نے شرکت کی جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ قاتل اور کرپٹ حکومت کے خلاف 6 اگست سے تحریک قصاص شروع کی جائے گی جس کے پہلے مرحلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج اور علامتی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک صرف عوامی تحریک کی نہیں بلکہ مشترکہ تحریک ہوگی اور یہ تحریک پاناما لیکس کے کرداروں کے منطقی انجام تک جاری رہے گی، ابھی صرف تحریک کے پہلے مرحلے پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہوئی ہے جس کا دوسرا اور تیسرا مرحلہ بھی ہوگا۔