خبرنامہ پاکستان

کسی ادارے کی کسی ادارے کیساتھ محاذ آرائی نہیں، وزیراعظم

کوئٹہ(ملت آن لائن): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہناہے کہ کسی ادارے کی کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی نہیں۔اپنا دفاع کرنا ہر شخص اور ادارے کا حق ہوتا ہے

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے 2 گھنٹے میٹنگ ہوئی، صوبے میں اب امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نوازشریف کی اسکیموں کو آگے بڑھانے کے فیصلے بھی کیے گئے ہیں، صوبے میں پانی کے ذخائر کے لیے نیا منصوبہ بنایا جائے گا اور ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا جائے گا۔

اداروں کے ساتھ محاذ آرائی اور بازگشت سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنا دفاع کرنا ہر شخص اور ادارے کا حق ہوتا ہے، ریفرنس فائل کرنا جس کا کام ہے وہ کرے اس کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت ہی اسٹیبلشمنٹ ہوتی ہے، کسی ادارے کی کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں، جب اخبار پڑھتا ہوں تو محاذ آرائی نظر آتی ہے ورنہ نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ پورے پاکستان کی جماعت ہے جس نے اپنے عمل سے ثابت کیا جب کہ سیاسی جماعتوں کے اندر ہمیشہ مختلف معاملات پر بات چیت رہتی ہے، چاہے وہ آئینی ترامیم ہوں یا قانون ہوں اور یہ بات چیت رہنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ زرداری صاحب کو اس بات چیت ممیں شامل ہونا چاہیے اور مجھے امید ہے وہ اس میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے ہر بندہ سیاسی بیان دیتا ہے لیکن فیصلہ 4 جون کے الیکشن میں عوام کریں گے۔