خبرنامہ پاکستان

کسی دوسرے ملک نے پاکستان جیسی قربانیاں نہیں دی، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو مذہبی اور نسلی امتیاز سے محفوظ بنائیں گے، ہر شہری کو مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات سے مستفید کریں گے،انتہاپسندانہ نظریات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں،بے مثال قربانیوں کے باعث دہشتگرد اور انتہا پسند عناصر ناکام ہوئے،دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کی وجہ سے پاکستان کو دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑا،دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ نقصان پہنچا،مجموعی سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کادنیا اعتراف کرتی ہے،نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو معلومات کے تبادلے کے ذریعے مزید موثر بنایا جائے گا۔وہ پیر کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم میاں نواز شریف نے قیام امن اورسلامتی کیلئے قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں کی وجہ سے دہشتگرد اور انتہا پسند عناصر ناکام ہوئے،قوم کے عزم اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندانہ نظریات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں،دہشتگردوں کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کی وجہ سے پاکستان کو دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑا،دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے جتنا نقصان پاکستان نے اٹھایا اتنا کسی اور ملک نے نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی وجہ سے سماجی اور معاشی لحاظ سے متاثر ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے ملک میں مجموعی سلامتی کی صورتحال بہتر ہوئی جس کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب سے سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری آئی،معلومات کیلئے تبادلے کیلئے وفاقی حکومت صوبوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو مزید موثر بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مذہبی اور نسلی امتیاز سے محفوظ بنائیں گے،پاکستان درست سمت کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو محفوظ مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات سے مستفید کریں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان،وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر،ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان اور دوسرے سینیئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔