خبرنامہ پاکستان

کسی کے سپیکر نہ ماننے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کوئی مجھے سپیکر نہیں مانتا تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اجلاس میں نہ آنے والے پی ٹی آئی کے ارکان کا معاملہ ایوان میں لے کر جاؤں گا، کسی رکن کی غیر حاضری پر اس کو کوئی تنخواہ نہیں ملے گی اور اس معاملہ پر ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں غور کریں گے۔ وہ جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پی اائی پی ایس) میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے ہونے والی دو روزہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے شرکاء سے پارلیمنٹ ہاؤس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید چیمبر میں انہیں گلے لگا کر ملتے ہیں جبکہ ٹی وی چینلز پر اپوزیشن کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے ارکان اجلاس میں پہنچ جاتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چالیس روز تک غیر حاضر رہنے والے ارکان کا معاملہ وہ ایوان کے سامنے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مجھے سپیکر نہیں مانتا تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔