خبرنامہ پاکستان

کشمیرکےحوالے سے پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب: دفترخارجہ

کشمیرکےحوالے سے پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب: دفترخارجہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت جنگ سے کشمیر حاصل نہیں کر سکتا، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اْس کی والدہ اور بیوی کی ملاقات 25دسمبر کو کرائی جائیگی، بھارتی ہائی کمیشن کا سفارتکار بھی ساتھ ہوگا۔ افغانستان میں مقیم پاکستانی شہری انتہائی چوکس رہیں اورغیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ سی پیک میں تیسرے ملک کی شرکت کا فیصلہ پاک چین دو طرفہ مشاورت اور اتفاق رائے سے ہوگا۔ پاکستان افغانستان سے نتیجہ خیز مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔پاکستان سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔یہ باتیں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔ترجمان نے پاکستانی در اندازی سے متعلق بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ حقیقت میں بھارتی فورسز نے رواں سال کے دوران اب تک ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر 1300زائد سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی ہیں جس میں 52 بے گناہ شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خواجہ آصف نے اپنے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو ایک خط میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے تیار ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی اقدامات اور عزائم خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے قراردادوں پر عملدر آمد سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنیکا امریکی اقدام باعث تشویش ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعظم او آئی سی کے ہنگامی جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف او آئی سی کے کونسل آآٖ فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کرینگے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان او آئی سی ہنگامی سیشن کے اختتام پر جاری پالیسی پر کاربند رہے گا۔ سی پیک سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کا دو طرفہ منصوبہ ہے۔ تیسرے ملک کی شرکت یقیناً ایک پلس پوائنٹ اور سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث ہوگا۔ تاہم تیسرے ملک کی شرکت کا فیصلہ پاک چین دو طرفہ مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد کیا جائیگا۔ افغانستان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ نتیجہ خیز مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں پاکستانی شہریوں کو انتہائی چوکس اور محتاط سفر کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں پاکستانی شہری یا ملازمین اپنا خیال رکھیں جبکہ افغانسان میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو پاکستانی سفارتخانے کیساتھ ایمبیسی ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریش کی تاکید کی گئی ہے۔