خبرنامہ پاکستان

کشمیریوں کاکوئی بین الاقوامی ایجنڈا نہیں، اشرف صحرائی

کشمیریوں کاکوئی بین الاقوامی ایجنڈا نہیں، اشرف صحرائی

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے نو منتخب چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہاہے کہ کشمیری عوام کا کوئی بین الاقوامی ایجنڈہ نہیں ہے اور وہ صرف بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے جنہیں حال ہی میں تحریک حریت کا چیئرمین مقرر کیاگیا ہے سرینگر میں ایک انٹرویو میں واضح طورپرکہاکہ کشمیری آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں کا داعش جیسی دہشت گردتنظیم اور اس کے نظریات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ایجنڈا انتہائی واضح ہے کہ ہم بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں جس کیلئے کشمیری عوام اپنی پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں بے شمار قربانیاں بھی دی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ داعش بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی کارروائی ہو سکتی ہے جو کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کے درپے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بعض عناصر کشمیری نوجوانوں کے جنازوں میں داعش کے جھنڈے لہراکر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ ہم نے ان پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور تحریک حریت کے انتخابات کے فورابعد انہیں روکنے کیلئے ایک منصوبہ وضع کیا جائے گا۔ تحریک حریت کے چیئرمین نے کہاکہ کشمیرمیں بین الاقوامی ایجنڈہ رکھنے والی تنظیموں کا کوئی کردار نہیں ہے اور داعش اور القاعدہ کا ہماری جدوجہد آزادی سے کوئی تعلق نہیں اور ہم کبھی انہیں قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ انتہاپسند نظریات کا شکار نہ بنیں ور اسلام کو حقیقی معنوں میں سمجھیں جو اخوت اور محبت کا دین ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی کتب اور احادیث کا مطالعہ کریں اور قرآن پاک کی تلاوت کریں اور سمجھیں کہ حضور نبی کریم ﷺ نے جنگ کیلئے کیا اصول اور قواعد وضع کئے ہیں اور پھر وہ خود سے فیصلہ کریں کہ کیا درست ہے اور کیا غلط ۔ محمد اشرف صحرائی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں داعش کے جھنڈے لہرانے والے کشمیر پر بھارتی تسلط کو مضبوط کر رہے ہیں ۔ذاکر موسیٰ جسے بھارتی میڈیا غزوۃ الہند نامی ایک پراسرار تنظیم کے سربراہ کے طورپر پیش کرتا ہے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک حریت کے چیئرمین نے کہاکہ ذاکرموسی نے تحریک آزادی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیا ہے وہ میری آنکھوں کانور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس نے ایک مقدس کاز کیلئے اپنا سب کچھ قربان کیا ہے تاہم انہوں نے کہاکہ وہ اسے بتادینا چاہتے ہیں کہ شدت پسندی کا راستہ اختیار کرنا بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے کے مترادف ہے ۔