خبرنامہ پاکستان

کشمیریوں کےساتھ یکجہتی کےمعاملے پر یک جان ہیں، قریشی

اسلام آباد (ملت+آئی این پی ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اختلافات اپنی جگہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے معاملے پر یک جان ہیں،وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی تقریر انتہائی جامع تھی جو قابل تعریف ہے،حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بہت مثبت اقدامات اٹھائے،قومی مفاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا ساتھ دیں گے۔پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی رہنما ؤں کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری جماعت کے حکومت کے ساتھ کئی ایشوز پر اختلافات ہیں لیکن ان سب کو بالائے طاق رکھ کر اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ ہم بھارت اور پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے معاملے میں یک جان ہیں۔ وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی تقریر انتہائی جامع تھی جو قابل تعریف ہے۔ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بہت مثبت اقدامات اٹھائے۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے حوصلہ افزا اقدامات اٹھائے مگر افسوس کہ بھارت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں ماضی میں جو دو طرفہ معاہدے ہوئے ان سے بھارت نے ہی روگردانی کی۔ اب کشمیر کے نہتے اور مظلوم لوگ آٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ بھارت جانتا ہے کہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اس کے باوجود جارحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ہم سفارتی سطح پر تنہا نہیں۔ درحقیقت بھارت نے سارک کے پر امن اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی فہم و فراست اور حب الوطنی پر پورا یقین ہے۔ سندھ طاس معاہدہ جسے کارگل بھی نقصان نہ پہنچا سکا۔ بھارت نے ان حالات میں اس پر بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ قومی مفاد میں اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا ساتھ دیں گے۔