خبرنامہ پاکستان

کشمیریوں کے مذہبی معاملات میں فوجی مداخلت ناقابل قبول

کشمیریوں کے مذہبی

کشمیریوں کے مذہبی معاملات میں فوجی مداخلت ناقابل قبول

سرینگر:(ملت آن لائن) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ وادی میں لوگوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے ذریعے انہیں ہراساں کرنے کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے جسے ہر گز برداشت نہیں کیاجائے گا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ وادی کشمیر میں تعینات بھارتی فوجی لوگوں کے مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت کرتے ہوئے مساجد کے آئمہ و خطیب صاحبان کو فوجی کیمپوں میں بلاکر اْن کی دینی سرگرمیوں سے متعلق پوچھ گچھ اور دینی اجتماعات سے متعلق بے جا تحقیقات اور نماز جمعہ کے خطابات سے متعلق غیر ضروری سوالات پوچھ کر انہیں ہراساں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کئی مقامات پر دینی اجتماعات منعقد کرنے پر متعدد کشمیریوں کو فوجی کیمپوں میں طلب کر کے انہیں وحشیانہ تشدداور غیر شائستہ سلوک کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ترجمان نے بھارتی فورسز کی اس کارروائی کو مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت قراردیتے ہوئے کہاکہ ان کا مقصد کشمیری عوام خاص طورپر نوجوانوں کو دینی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج دانستہ طورپر کشمیریوں کے حساس مذہبی جذبات کے ساتھ کھیل رہی ہے اورانہیں بلا وجہ اشتعال دلا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی کشمیر کے متعدد مقامات پر لوگوں کو دینی اجتماعات میں شرکت سے روکنے کیلئے فوجی کیمپوں میں طلب کیاجاتا ہے اور آئمہ اور خطیبوں کو نما زجمعہ کے خطبات کی ویڈیو یا آڈیو ریکارڈنگ بھیجنے پر مجبور کیاجارہا ہے۔ جماعت اسلامی نے بھارتی فوج اور اسکی ایجنسیوں کی ان کارروائیوں کو لوگوں کے دینی معاملات میں بے جا مداخلت قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے ۔