خبرنامہ پاکستان

کشمیری عوام طویل عرصے سے بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں: صدر

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کو بھر پور قوت سے آواز بلند کرنی چاہیے۔ صدر مملکت نے یہ بات جموں کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے عبداللہ بن عبدالرحمن بن بکر عالم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ او آئی سی کے استنبول اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں انتہائی بھر پور طریقے سے آواز بلند کی گئی جس سے اس مسئلے کے بارے میں کشمیری عوام کی توقعات بہت بڑھ گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک طویل عرصے سے بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں، لوگوں کے ایک بڑی تعداد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے اور ہزاروں افراد جیلوں میں بند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ او آئی سی کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا جائزہ لینے کے لیے اپنا کمیشن وہاں بھیجنا چاہیے تاکہ مقبوضہ جموں کشمیر کی حقیقی صورت حال دنیا کے سامنے آسکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس خطیکے مسائل کے بنیاد ہے۔ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا اس وقت تاک خطے کے مسائل برقرار رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس مسئلے کے پر امن حل کے لییضروری ہے کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق حل کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ او آئی سی کو اسلامی ممالک کو اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہیں جن میں فلسطین، کشمیر، نگورونو کارا باخ، سوڈان، یمن اور شام جیسے مسائل شامل ہیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر اسلامی برادری کی طرف سے آزاد کشمیر میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کا شکریہ ادا کیا۔ جموں کشمیر پر او آئی سی کے خصوصی نمائندے عبداللہ بن عبدالرحمن بن بکرعالم نے اس موقع پر صدر مملکت کو بتایا ان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے کئی بار بھارت کی حکومت سے رابطہ کیا گیا لیکن کوئی حوصلہ افزاجواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ مسئلہ عوام کی امنگوں کے مظابق حل ہونا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا کے مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے بتا یا کہ وہ اسلامی کانفرنس کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جن میں اسکولوں کے علاوہ کئی دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔وفد میں اسلامک سالیڈیریٹی فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ابراہیم عبداللہ الخرائم اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے بھی شامل تھے۔