خبرنامہ پاکستان

کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں

کشمیری نوجوان

کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں

سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ضلع اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان قوم کو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی دلانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرر ہے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار صورہ سرینگر میں شہید عیسیٰ فاضلی کے گھر پر منعقدہ ایک ایک تعزیتی تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بھارتی فوجیوں نے پیرکو3کشمیری نوجوانوں محمد عیسیٰ فاضلی، اویس شفیع اور سبزار احمد صوفی کوتلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران ہاکور ہ میں شہید کردیاتھا۔سیدعلی گیلانی نے عیسیٰ فاضلی کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کی راہ میں جان دینے والے ظاہری اسباب کے بجائے اللہ کی نصرت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ مرتے نہیں، بلکہ زندہ ہوتے ہیں اور وہ اپنے رب کے ہاں سے رزق بھی پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہداء کی مقدس قربانیوں کی حفاظت کرتے ہوئے ظالموں سے اعلان برأت کرنا چاہیے جنہوں نے جموں و کشمیر میں 6لاکھ سے زائد لوگوں کو شہید کیا ہے۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ ہمیں ان غداروں کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے جو بھارت کے ظلم وجبر اور قتل وغارت گری کی حمایت کرکے اپنی ہی لوگوں کے خون سے اپنے لیے اقتدار کی کرسیاں سجاتے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کشمیر کو کمزور کرنے کیلئے بھارت ہر ممکن ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور اس لئے تمام دینی اور آزادی پسند تنظیموں کا اتحاد ناگزیر ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے غیر قانونی طورپر تسلط کر رکھا ہے ۔حریت چیئرمین نے کہاکہ ہماری جدوجہد آزادی قرآن وسنت کے مطابق مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی سازشوں سے باخبر رہیں، کیونکہ بھارت آزادی پسند قیادت سے خوفزدہ ہو کرانتقامی کارروائیاں کر رہا ہے ۔ حریت رہنماؤں حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، یاسمین راجہ، فاروق احمد غوطہ پوری، خواجہ فردوس وانی اور شیخ مصیب نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اورفلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے اتحاد واتفاق پر زور دیا۔انہوں نے اس عزم کابھی اعادہ کیاکہ جب تک کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق ، حق خودارادیت نہیں ملتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کے رہنماؤں شاہ ولی محمد اور غلام مصطفیٰ وانی پر مشتمل وفد نے عیسیٰ فاضلی کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت کیا اور شہید کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔