خبرنامہ پاکستان

کشمیر عالمی سطح پرتسلیم شدہ تنازعہ ہے، جماعت اسلامی

کشمیر عالمی سطح پرتسلیم شدہ تنازعہ ہے، جماعت اسلامی

سرینگر(ملت آن لائن) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے مقبوضہ وادی کشمیر میں گزشتہ 29 برس سے جاری خونریزی اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام پرشدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خوداردیت انہیں دینے کا مطالبہ کیا جس کا وعدہ بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ان سے کیاتھا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کا پرامن طور پر مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ بھارت نے اقوام متحدہ کے سامنے ان کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر تقسیم برصغیر سے قبل بھی موجودتھا اور کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کافیصلہ خود کریں۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے تینوں فریق بھارت ، پاکستان اور کشمیری عوام کومل بیٹھ کر اس دیرینہ مسئلے کاکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کوئی پائیدار حل تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس کوئی بھی حل ایک فضول اور لاحاصل مشق ہو گی اور اس سے خطے کی غیر یقینی صورتحال میں اضافے کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر سے نہ صرف کشمیری عوام غیر یقینی صورتحال سے دوچاررہے گے بلکہ پورے خطے کا امن بھی داؤ پر لگا ہوا ہے۔ترجمان نے اقوام عالم پر زور دیاکہ وہ کشمیر کی نازک اور تشویشناک صورتحال کا سنجیدہ اور بروقت نوٹس لیتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھار ت پر دباؤ بڑھائے ۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونیوالے تمام کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوارخاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر عالمی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام سے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا ۔