خبرنامہ پاکستان

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘ بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں

اسلام آباد(ملت + آئی این پی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف کوآرڈینیٹر احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘ بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں‘ وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں کلبھوشن یادیو کا نام تک نہیں لیا جبکہ سشما سوراج نے اپنی تقریر میں پاکستان کے خلاف الزامات کاڈھیر لگا دیا ‘ حکومت کیخلاف جب بھی کوئی معاملہ اٹھتا ہے تو کوئی نہ کوئی سانحہ ہو جاتا ہے جو کہ نواز شریف کو بچانے کیلئے پلان ہوتا ہے۔ وہ نیشنل پریس کلب کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کئے گئے مظاہرہ سے خطاب کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آل پاکستان مسلم لیگ کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس مقصد کے لئے اے پی ایم ایل آزاد جموں کشمیر سے سینکڑوں پارٹی کارکنان پارٹی کے راہنما جاید احمد مغل کی قیادت میں مرکزی دفتر آئے جہاں پر اے پی ایم ایل فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد اور ان کی ٹیم نے ان کا استقبال کیا۔مظاہرے میں فیڈرل کیپیٹل سمیت دیگر علاقوں سے پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاں مظاہرین ایک ریلی کی صورت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے گئے اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرے کی قیادت اے پی ایم ایل کے چیف کوآرڈینیٹر احمد رضا قصوری نے کی۔اس موقع پر پارٹی کی مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری مہرین ملک آدم، ایڈیشنل کوآرڈینیشن سیکرٹری برگیڈئر (ر) محمد اسلم، شعبہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری تقدیرہ اجمل،یوتھ ونگ کے راجہ ثاقب،علماء ونگ کے علامہ محمد عباس،اے پی ایم ایل آزاد کشمیر کے راہنما جاویداحمد مغل، فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد،صوبائی صدر ریاض خان،حاجی مطلوب احمد،شعبہ خواتین کی صدر سیدہ فردوس اور دیگر راہنما?ں کے علاوہ پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے پانچ دریا کشمیر سے نکلتے ہیں لہٰذا کشمیرہماری شہ رگ ہے۔مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا نامکمل ایجنڈہ ہے جس کی تکمیل ہونا باقی ہے۔ گزشتہ کچھ ہی عرصہ میں بھارت نے نہتے اور پرامن کشمیریوں پر مظالم ڈھاتے ہوئے ایک سو پچیس سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور بڑی تعداد میں لوگوں کو معذور کردیا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ اور اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔اس موقع پر مظاہرین نے بھارت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔انہوں نے ہاتھوں میں جنرل(ر)پرویز مشرف کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔