خبرنامہ پاکستان

کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے، بھارتی میڈیا کا اعتراف

کلبھوشن یادیو بھارتی

کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے، بھارتی میڈیا کا اعتراف

نئی دہلی :(ملت آن لائن) پاکستان کے دشمن بھارتی میڈیا نے اعتراف کرلیا ہے کہ کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے، بھارتی میگزین کا کہنا ہے بھارت پاکستان سے خفیہ جنگ میں مصروف ہے۔ پاکستان کیخلاف زہراگلنے والا بھارتی میڈیا سچائی کا اعتراف کرنے پرمجبور ہوگیا اور پاکستان کے مؤقف کی تصدیق کردی ہے۔ بھارتی میگزین کا کہنا ہے کہ کلبھوشن نے1987میں بھارتی بحریہ میں شمولیت اختیارکی تھی، تیرہ سال کی سروس کے بعد ترقی پا کر کمانڈر بن گیا، بھارت پاکستان سے خفیہ جنگ میں مصروف ہے۔ بھارت 2013 سے پاکستان کیخلاف خفیہ ایکشن پروگرام چلا رہا ہے، پہلے اس پروگرام کے نگراں اجیت ڈوول تھے اور اب را کا ایک افسر انیل اس کی نگرانی کررہا ہے۔ کلبھوشن کی گرفتاری نے ثابت کیا یہ جنگ خطروں سے خالی نہیں، کلبھوشن کی گرفتاری اور سزا کے بعد مودی سرکار کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
کلبھوشن اناڑی حرکتوں کی وجہ سے پکڑا گیا،بھارتی اخبار کا انکشاف
اس سے قبل بھی بھارتی اخبار نے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن سے متعلق اندرونی کہانی بیان کی تھی، جس کے مطابق کلبھوشن را کا ایجنٹ اور جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا، کلبھوشن کو تعینات کرنے پر را کے 2افسران کو تحفظات تھے۔ بھارتی اخبار کا کہنا تھا کہ راکے دوافسرکلبھوشن کے پاکستان میں کام کے مخالف تھے، راکے سابق سربراہان کا کہنا تھا کلبھوشن کی تعیناتی میں بنیادی اصول نظراندازکئے گئے۔ واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو اس وقت پاکستان میں قید ہے، بھارتی دہشتگرد کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اس نے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ پاکستان کی فوجی عدالت نےکلبھوشن کوپھانسی کی سزاسنا رکھی ہے، جس پر بھارت نے دس مئی کو عالمی عدالتِ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایا اور سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔ جس کے بعد عالمی عدالتِ انصاف نے کلبھوشن کیس میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے‘ اور امید ہے کہ پاکستان عالمی عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو سزا نہیں دی جائے گی۔ ستمبر 2017 میں بھارت نےعالمی عدالت میں کلبھوشن کیس پر تحریری جواب داخل کیا جبکہ پاکستان نے دسمبر 2017 کوجوابی دعوی میں بھارتی الزامات کومسترد کردیا تھا۔