خبرنامہ پاکستان

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

کل جماعتی حریت

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

اسلام آ باد(ملت آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے اس موقع پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے لیکن کشمیری عزم وہمت کے ساتھ آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے شوپیاں اور اسلام آباد کے علاقے میں بے گناہ نوجوانوں کے حالیہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تمام تر انسانی، اخلاقی اور قانونی اقدار کو روندتے ہوئے کشمیریوں کو گولیوں اور پیلٹ چھروں سے چھلنی اور بصارت سے محروم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیر ایک روز ضرور بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔ حریت رہنماؤں نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک یادداشت میں عالمی ادارے کے دفتر میں جمع کرائی۔