اسلام آباد:(اے پی پی)زیادہ آمدن والی کمپنیوں اور افراد کے ٹیکس میں کمی جبکہ کم آمدن والے طبقے سے سالانہ 500 روپے اضافی ٹیکس وصول کیا جائے ، ٹیکس ریفارمز کمیشن نے حکومت کو تجویز دے دی ۔ ٹیکس ریفارمز کمیشن نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ٹیکس سلیب 12 سے کم کرکے 7 کر دیئے جائیں جبکہ زیادہ آمدن والی کمپنیوں اور افراد کی ٹیکس شرح میں کمی کی جائے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سالانہ 70 لاکھ آمدن پر 14 لاکھ 22 ہزار ٹیکس وصولی کی بجائے اس میں 1 لاکھ 82 ہزار روپے کمی کردی جائے اور کُل 12 لاکھ 40 ہزار ٹیکس وصول کیا جائے جبکہ سالانہ 25 لاکھ آمد پر 2 لاکھ 59 ہزار 500 روپے ٹیکس وصول کرنے کی بجائے اس میں 19 ہزار کمی کردی جائے اور سالانہ ٹیکس 2 لاکھ 40 ہزار روپے وصول کیے جائیں ۔ دوسری جانب ٹیکس ریفارمز کمیشن نے سالانہ 4 لاکھ آمدن والے طبقے کو ٹیکس چھوٹ برقرار رکھنے جبکہ 5 سے ساڑھے 7 لاکھ کمانے والے افراد کے لئے سالانہ 500 روپے اضافی ٹیکس وصول کرنے کی تجویز دی ہے ۔