لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہبازکواخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کولوٹنے والوں کے خلاف بلا امتیازاحتساب ہوگا، وزیراعظم اقتدارمیں آنے سے پہلے اوربعد میں وہی خیالات رکھتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج سے 4 دن بعد اے پی سی ہونے والی ہے، یہ اے پی سی نہیں آل پارٹیزلوٹ مارکانفرنس ہے، فضل الرحمان اسمبلی میں نہیں اس لیے بھاگ دوڑکررہے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ کنٹینرپرچڑھیں یا کے ٹوکے پہاڑپران کا این آراونہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے روزانہ درخواست کرتا ہوں اسمبلی میں آکربیٹھیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ ان لوگوں کوپرویزالٰہی ہضم نہیں ہورہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہم آئین اورقانون کے مطابق اپوزیشن کا درجہ دے رہے ہیں، سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری اسمبلی کی کرسی الٹانے کی کوشش کی گئی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ چالیس سال کی لوٹ مار کو پکڑنے میں وقت لگے گا، ن لیگ والےاحتجاج کرنا سیکھنے کےلیے پی ٹی آئی کارکنان سے رابطہ کریں۔