خبرنامہ پاکستان

کوئٹہ میں 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

کوئٹہ میں 4 ایف سی

کوئٹہ میں 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

کوئٹہ:(ملت آن لائن) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایف سی اہلکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں پہلی مرتبہ دہشت گردی کے واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ سریاب کے علاقے لانگو آباد میں 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایف سی اہلکار کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا۔
کوئٹہ میں فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار شہید
مقدمے میں قتل، انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات درج کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ میں پہلی مرتبہ دہشت گردی کے واقعے کامقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ خودکش حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے مقدمات متعلقہ تھانوں کے بجائے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیے جائیں گے۔ اعتزاز گورایہ کے مطابق دہشت گردی کے جتنے بھی مقدمات سی ٹی ڈی میں درج ہوں گے، ان کی تفتیش بھی سی ٹی ڈی حکام کریں گے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے لانگوآباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اسلم، سعید، شبیر اور امجد کے ناموں سے ہوئی تھی، جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو نائن ایم ایم پستول سے نشانہ بنایا گیا تھا۔