خبرنامہ پاکستان

کوئی بھی صوبہ گیس میں خودکفیل نہیں:شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد-(اے پی پی) اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ نے جمعہ کو گیس سیس کے معاملے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ کوئی بھی صوبہ گیس میں خودکفیل نہیں‘ جی آئی ڈی سی کی رقم صرف قومی اہمیت کے منصوبوں پر خرچ ہوگی ۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئی بھی صوبہ گیس میں خودکفیل نہیں‘ جی آئی ڈی سی کی رقم صرف قومی اہمیت کے منصوبوں پر خرچ ہوگی۔ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے جی آئی ڈی سی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے نکات کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی تعصب کی بات نہیں کرنی چاہیے، گیس سب کی ضرورت ہے۔ گیس کے استعمال کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل نے ایک کمیٹی بنا دی ہے جو اس سلسلے میں سفارشات مرتب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی ڈی کے تحت جو رقم جمع ہو رہی ہے وہ ابھی استعمال نہیں کی جارہی یہ صرف قومی اہمیت کے منصوبوں پر خرچ ہوگی۔اس پر اپوزیشن اراکین نے کہا کہ بلوچستان‘ سندھ اور خیبر پختونخوا سب سے زیادہ گیس پیدا کر رہے ہیں۔ ان سے جی آئی ڈی سی وصول نہیں کیا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔